مطالعے کی عادت کیسے اپنائی جائے

اس سائنسی دور کی بہت ساری ایجادات مثلاً ٹی وی، کمپیوٹر، انٹرنیٹ، موبائل فون وغیرہ نے انسانیت کو جہاں بہت سارے فائدے پہنچائے ہیں وہاں ان ایجادات کی وجہ سے انسان کا رشتہ کتابوں سے کمزور پڑگیا ہے جس کی وجہ سے آج کے انسان کے پاس معلومات کا ذخیرہ تو بہت زیادہ ہے لیکن وہ اُس حقیقی علم سے محروم ہوتا جارہا ہے جو اس کی دنیوی و اُخروی زندگی کی کامیابی کے لئے انتہائی مطلوب ہے کیونکہ کتابیں آج بھی علم کا اصل ماخذ ہیں۔

یہ بات طے ہے کہ مطالعہ کا انسان کی زندگی پر گہرا اثر ہوتا ہے اور اس بات کا مشاہدہ ہماری روزمرہ زندگی میں مطالعہ کرنے والے اور مطالعہ نہ کرنے والے لوگوں کے عادات و اطوار اور اخلاق و کردار میں واضح فرق کی صورت میں بھی کیا جاسکتا ہے اس لئے مطالعہ کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنائیےکیونکہ مطالعہ ناصرف ایک بہترین مصرف بھی ہے اور اس مطالعہ کے نتیجے میں حاصل ہونے والے علم کا عملی زندگی پر اطلاق کر کے ہم  اپنی دنیاوی و اُخروی زندگیوں کو مزید بہتر بنا سکتےہیں۔

ذیل میں کچھ تجاویز دی گئی ہیں جن پر عمل کر کے آپ مطالعہ کو اپنی زندگی کا جزو بناسکتے ہیں۔

  • مطالعہ کی عادت کو اختیار کرنے کے لئے آغاز قرآن مجید کی تلاوت اور احادیث کے مطالعہ سے کیجیےاور اس کے لئے بہترین وقت فجر کے بعد کا ہے۔ شروع میں روزانہ صرف 10 منٹ مطالعہ کے ساتھ آغازکیجیے لیکن اس کو ہر صورت باقاعدگی سے روزانہ کرنے کی کوشش کیجیے۔اس وقت میں سے بھی پہلے 5 منٹ قرآن کی تلاوت کے لئے وقف کیجیےاور باقی 5 منٹ حدیث کی کسی کتاب کا مطالعہ کیجیے مگر اس میں ضروری بات یہی ہے کہ اس کام کو روزانہ بلاناغہ کیا جائے ۔ کچھ ہی عرصہ میں یہ عادت آپ کی زندگی کا حصہ بن جائے گی۔ اس سے ناصرف آپ کا دین سے تعلق قائم رہے گا بلکہ کتا ب اللہ اور حدیث رسول کا باقاعدہ مطالعہ تزکیہ نفس کا بھی بہترین ذریعہ ہے۔بصورت دیگر آپ وقت مقرر کرنے کی بجائے روزانہ کا ہدف بھی مقرر کر سکتے ہیں کہ قرآن مجید کے چند رکوع کی روزانہ تلاوت کی جائے اور ساتھ ہی احادیث کی کسی اچھی کتا ب میں سے روزانہ فقط ایک یا دو احادیث کا مطالعہ کر لیا جائے۔مگر آپ اپنا روزانہ کا ہدف صرف اتنا مقرر کیجیےجو باآسانی مکمل کیا جاسکے۔
  • اگر قرآن مجید کے عربی متن کی تلاوت کے ساتھ ساتھ ترجمہ و تفسیر بھی پڑھی جائے تو یہ اور بھی بہتر ہے اس کے لئے قرآن مجید کی کسی عمدہ مگر مختصر تفسیر کا انتخاب کر لیجیے۔ اسی طرح مطالعہ حدیث کے لئے کسی عمدہ کتاب کا انتخاب کر لیجیے۔ امام نووی کی کتاب ریاض الصالحین احادیث کی ایک بہترین کتاب ہے جس میں فقہی مسائل کی بجائے فضائل اعمال اور تزکیہ نفس سے متعلق احادیث کو جمع کیا گیا ہے جس کی وجہ سے یہ کتاب علماء کے ساتھ ساتھ عوام کے لئے بھی نہایت مفید ہے اس لئے اس کتاب کو ہر گھر میں ہونا چاہئے۔ اس کے علاوہ اربعین نووی بھی احادیث کی ایک مختصر مگر جامع کتاب ہے۔
  • جب نماز فجر کے بعد مطالعہ کی عادت پختہ ہو جائے تو پھر آپ روزانہ مطالعہ کے وقت اور ہدف میں اضافہ بھی کر سکتے ہیں لیکن یہ اضافہ صر ف اس حد تک کیجیے جس کے بارے میں آپ کو پختہ یقین ہو کہ آپ آسانی سے اُسے پورا کرسکیں گے۔
  • اسی طرح قرآن و حدیث کے علاوہ دیگر موضوعات پر کسی اچھی اسلامی کتاب کا انتخاب کیجیے اور روزانہ صرف 10 منٹ مطالعہ کیجیےجس کے لئے بہترین وقت رات کو سونے سے پہلے کا ہے۔ اس مطالعہ کو اپنے معمول کا حصہ بنایئے اور آپ کتنے ہی تھکے ہوئے کیوں نہ ہوں 10 منٹ مطالعہ لازمی کیجیے جب آپ کی یہ عادت پختہ ہو جائے تو اس وقت کو آہستہ آہستہ بڑھاتے جائے لیکن 30 منٹ سے زیادہ مطالعہ مت کیجیے بس اسی معمول پر مسلسل اور سختی سے عمل کیجیے۔
  • اسی طرح دیگ معلوماتی کتب کے مطالعے کے لئے روزانہ مختصر وقت مقرر کیجیے جن میں ایسی کتابوں کے مطالعہ کو اپنا معمول بنایئے جن کاتعلق آپ کی فیلڈ ، انڈسٹری ، تاریخ ،تعمیر شخصیت، سائنس و ٹیکنالوجی ، حالات حاضرہ یا آپ کی پسند کے کسی بھی موضوع سے ہو۔ ایسی کتابوں کے مطالعے کے لئے بہترین وقت آپ کے کام کرنے کی جگہ (workplace) یعنی دفتر، فیکٹری وغیرہ میں کھانے یا نماز کا وقفہ ہو سکتا ہے۔
  • اپنی پسندیدہ کتابوں کی فہرست تیار کیجیے اپنے اردگرد لوگوں سے بہترین کتب کے بارے میں دریافت کیجیے اور جو کتابیں آپ کو دلچسپ معلوم ہوں ان کو اپنے پاس ایک فہرست میں محفوظ کر تے جایئےاور ان کتب کا یکے بعد دیگرے مطالعہ کیجیے لیکن کوشش کیجیے کہ کوئی ضخیم کتاب اس فہرست میں شامل نہ ہو۔ کچھ ہی عرصہ میں آپ بہت ساری بہترین کتابوں کا مطالعہ کر چکے ہوں گے۔
  • کتابوں کا مطالعہ ایک بہترین مشغلہ ہے اس کو اپنے اوپر بوجھ نہ بنایئے بلکہ اس مشغلے سے لطف اندوز ہوں ۔ دلچسپ کتابوں کا انتخاب کیجیےاپنی پسندیدہ کتابوں کو دوسروں کے ساتھ شئیر کیجیےاور ان کتب کے مطالعہ سے جو علم حاصل ہو اُ س کو دوسروں تک پہنچانے کی کوشش کیجیے۔مطالعہ کے لئے کسی پرسکون جگہ اور آرام دہ کرسی کا انتخاب کیجیےاور بہترین تفریح سے لطف اندوز ہوں۔

 

ماھنامہ انذار

0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Inline Feedbacks
View all comments
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x